کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد پولیس نے مبینہ مقابلوں کا سوئچ آن کر دیا،مبینہ پولیس مقابلوں میں 3ملزمان ہلاک جبکہ 9 زخمیوں سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بلال کالونی پولیس نےمبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس مقابلہ نارتھ کراچی سناٹا پٹی عقب پی ایس او پیٹرول پمپ سیکٹر فائیو ایچ میں ہوا پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت افضل ولد اقبال حسین جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت اسامہ ولد اعجاز کے نام سے ہوئی۔پولیس نے موقع سے ایک عدد نائن ایم ایم پستول ،لوڈ میگزین، 4راؤنڈز، 1عدد30بور پستول ،لوڈ میگزین3راؤنڈز، اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔تیموریہ پولیس نے دیار شیریں ندی کنارہ سیکٹر 16A بفرزون کے پاس مبینہ مقابلے میں دو مبینہ ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔کراچی پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت فیصل عرف بونا اور ناصر ولد حنیف کے ناموں سے ہوئی۔پولیس نے موقع سے 2عدد 30بور پستول لوڈ میگزین، اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ہلاک ہونے والا ایک ملزم فوڈ پانڈا کی شرٹ میں ملبوس تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ بغدادی پولیس نے لیاری سلاٹر ہائوس کے قریب مبینہ مقابلے میں شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والا ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ملزم کی شناخت آصف عرف چکنا کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ 24جنوری کو ضلع کیماڑی کے تھانے موچکو کے علاقے میں مزمل نامی شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا تھا۔ قتل کا مقدمہ الزام نمبر 20/2024تھانہ موچکو ضلع کیماڑی میں درج ہے جس میں ملزم مفرور تھا اور پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم اس سے قبل بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔