• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شتروگھن سنہا نے مجھے بہن بنایا ہے، سوناکشی سنہا کی پھپھو ہوں

اسلام آباد (فاروق اقدس) شتروگھن سنہا نے مجھے بہن بنایا ہوا ہے ،اسی نسبت سے میں سوناکشی سنہا کی پھپھو ہوں، مجھے اس کی شادی میں شرکت کا دعوت نامہ آیا ہے، دل بہت چاہ رہا تھا سوناکشی کو حقیقی دلہن بنے دیکھوں لیکن موڈی (اعجاز الحق) کا کہنا ہے کہ حالات اچھے نہیں اس لئے صرف مبارکباد کا پیغام بھیج دو۔ میں سوناکشی سنہا کی شادی میں شرکت تو نہیں کر رہی لیکن میری نیک تمنائیں اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں ۔ میری یہ خواہش ہے کہ ان کے ہونے والے شوہر زظہیر اقبال مسلمان ہیں تو اس لئے سوناکشی سنہا بھی مسلمان ہوجائیں۔ یہ بات سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی صاحبزادی اور اعجاز الحق کی بہن زین ضیاء نے جنگ سے خصوصی گفتگو میں کہی، جبکہ معروف بینکر اعجاز الحق جو اپنے والد کے انتقال کے بعد سیاست میں آگئے تھے ،اس وقت بھی رکن قومی اسمبلی ہیں ، ان کا کہنا تھا شترو گھن سنہا نے زین کو اپنی بہن بنایا ہوا ہے ،یہ رشتہ انہوں نے جنرل صاحب کی وفات کے بعد بھی قائم رکھا۔ شترو گھن سنہا اور ان کے گھرانے کی خصوصی دعوت پر زین ضیاء اپنے کیئر ٹیکر کے ہمراہ بھارت گئی تھیں جہاں انہوں نے اجمیر شریف کے مزار پر بھی حاضری دی ۔ اعجاز الحق نے بتایا کہ 25 جولائی کو زین کی سالگرہ ہوتی ہے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف جب وہ پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے اور شترو گھن سنہا خاص طور پر ان کی سالگرہ میں شرکت کیلئے راولپنڈی آیا کرتے تھے تاہم اب یہ قصہ پارینہ بن چکا ۔ آخری مرتبہ شترو گھن سنہا میرے صاحبزادے عثمان الحق کی شادی میں شرکت کیلئے اسلام آباد آئے تھے۔ زین نے بتایا کہ میں جب دہلی گئی تھی تو مجھے شترو بھائی اور ان کے گھر والوں نے خوب سیر کرائی ، فلم اسٹوڈیوز پر بھی لیکر گئے جہاں امیتابھ بچن اور کئی مشہور فلم اسٹارز سے بھی ملوایا تھا جب انہیں پتہ چلا کہ میں جنرل ضیاء الحق کی بیٹی ہوں تو فلمی لوگوں نے میری خوب آئو بھگت کی اور مجھ سے ایک بھارتی فلم کی مہورت بھی کرائی تھی۔
اہم خبریں سے مزید