• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بلیک میل نہیں ہوگی، پاکستان کی لڑائی تمام جماعتوں اور اداروں نے لڑنی ہے، دانیال چوہدری

پی ٹی آئی والے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے آرہے ہیں، دانیال چوہدری - فوٹو: فائل
پی ٹی آئی والے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے آرہے ہیں، دانیال چوہدری - فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی، پاکستان کی لڑائی تمام جماعتوں اور اداروں نے لڑنی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ 2024 میں 520 سے زیادہ افراد دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہوچکے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کی قربانی دی، پاک فوج کے جوان وطن اور ہمارے مستقبل کےلیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے آرہے ہیں، پاکستان مشکلات کے باوجود آگے بڑھ رہا ہے۔

دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا کہ پی ٹی آئی والوں نے دفاعی تنصیبات پر حملے کیے، بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ 9 مئی کو احتجاج کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ پاکستان کو ایک ڈیپ اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں؟ 11 سال سے کے پی میں حکومت ہے کیا کوئی ایک بڑا پروجیکٹ بتاسکتے ہیں؟

انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بھانجے فوجی وردی لہراتے رہے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ کبھی بھوک ہڑتال کرتے ہیں، کبھی پاکستان کو بند کرنے کی بات کرتے ہیں، انہوں نے ہر جگہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا یہ ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ذہنیت اب بھی وہی ہے جو ماضی میں تھی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر کس چیز کےلیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے؟ صرف اس لیے کہ ان کو مزید وقت دیا جائے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، دن رات کاوشوں کے بعد پاکستان آج بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے، دن رات کاوشوں کے بعد ہمارا آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوا۔

قومی خبریں سے مزید