• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ویب ڈیسک
ویب ڈیسک | 12 اگست ، 2024

پیرس اولمپکس کے یادگار لمحات پر ایک نظر

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پیرس میں کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ اولمپکس رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہوگیا لیکن اس میلے میں بہت سے ایسے لمحات بھی دیکھے گئے جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

یہاں ایک نظر پیرس اولمپکس میں پیش آنے والے ان لمحات پر ڈال لیتے ہیں جو خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔

افتتاحی تقریب میں بارش

پیرس اولمپکس کی دریائے سین پر ہونے والی افتتاحی تقریب میں غیر متوقع بارش نے میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔

جوکووچ کا پہلا اولمپکس گولڈ میڈل 

نوواک جوکووچ نے مردوں کے فائنل میں کارلوس الکاراز کو شکست دے کر ٹینس کا گولڈ میڈل جیت لیا۔

اس کامیابی کے بعد وہ ٹینس کی دنیا کے اولمپک سمیت چاروں گرینڈ سلیم جیتنے والے پانچویں کھلاڑی بن گئے۔

ارشد ندیم کا اولمپکس ریکارڈ

پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتا۔

ارشد ندیم نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی92.97 میٹر کی تھرو کرکے وہاں موجود کمنٹیٹرز سمیت دنیا بھر میں سب کو حیران کر دیا۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اُنہوں نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے جیولین 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپکس کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

جنوبی اور شمالی کوریا کے کھلاڑیوں کی پوڈیم پر سیلفی

پیرس اولمپکس میں جنوبی اور شمالی کوریا کے کھلاڑیوں کی پوڈیم پر لی گئی سیلفی وائرل ہوئی۔

مکسڈ ڈبلز ٹیبل ٹینس میں شمالی کوریا نے سِلور اور جنوبی کوریا نے برانز میڈل جیتا تھا جبکہ مکسڈ ڈبلز میں چین نے سونے کا تمغہ جیتا تھا جس کے بعد میڈلز کے لیے پوڈیم پر شمالی اور جنوبی کوریا کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل گئے اور سیلفی بھی بنائی۔

پیرس اولمپکس میں لی گئی دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کی ایسی تصویر کو سوشل میڈیا صارفین نے منفرد قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے مابین اکثر کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ نیوکلیئر پاور شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو اپنا دشمن بھی قرار دیا ہوا ہے۔

کم عمر گولڈ میڈلسٹ ایریسا ٹریو

14 سالہ آسٹریلوی اسکیٹ بورڈر ایریسا ٹریو ویمنز پارک ایونٹ جیت کر اپنے ملک کی اب تک کی سب سے کم عمر گولڈ میڈلسٹ بن گئیں۔

ایریسا ٹریو نے چھوٹی سی عمر میں اتنا بڑا کارنامہ انجام دے کر شرکاء کو حیران کیا۔

الجیرین باکسر ایمان خلیف تنازع

پیرس اولمپکس میں ایمان خلیف کے مدِمقابل اطالوی باکسر اینجلا کے 46 سیکنڈز میں دستبردار ہوجانے کے بعد سے الجیرین باکسر اپنی جنس کے حوالے سے تنازع کا شکار رہیں اور ان کی خواتین باکسنگ کے مقابلوں میں شرکت کی اہلیت سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنادی گئی تھی۔

جس کے بعد انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) نے ایمان خلیف کی حمایت کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ ایمان خلیف ویمن باکسنگ میں لڑنے کی اہل ہیں۔

تنازع میں الجھنے کے باوجود بھی الجیرین باکسر ایمان خلیف نے خواتین کے باکسنگ مقابلوں میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

کیوبن ریسلر مائین لوپیز کا اولمپکس ریکارڈ 

پیرس اولمپکس میں کیوبن ریسلر مائین لوپیز نے مسلسل 5 اولمپک ایڈیشنز میں ایک ہی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔

ترک شوٹر یوسف ڈیکیچ کا منفرد انداز 

ترک شوٹر یوسف ڈیکیچ نے اپنے منفرد انداز کی وجہ سے پیرس اولمپکس میں سلور میڈل جیت کر بھی گولڈ میڈل جیتنے والے سے زیادہ توجہ حاصل کی۔

اُنہوں نے دیگر شوٹرز کے برعکس خصوصی قسم کی ٹوپی (وائزر)، مخصوص چشمے، ہیڈ فونز، اور بلائینڈرز کے استعمال کے بغیر ہی اپنے ملک کے لیے سلور میڈل جیت لیا۔

وہ عام سے چشمے، کانوں میں عام سے ائیر بڈز لگائے اور اپنا ایک ہاتھ پینٹ کی جیب میں ڈالے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے شوٹنگ رینج میں اترے تھے۔ 

سیمون بائل اور جارڈن چلیز کا ریبیکا اینڈریڈ کے اعزاز میں سر جُھکانا

پیرس اولمپکس کے دوران ایک اور یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب برازیلین جمنیسٹ ریبیکا اینڈریڈ کے اعزاز میں امریکا کی جمنیسٹ سیمون بائل اور جارڈن چلیز نے پوڈیم پر سر جُھکایا۔