ریاض( نیوز ڈیسک)ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ بھی آسٹریلیا کے رائیڈر ڈینیئل سینڈرز نے جیت لیا، کار مرحلے میں یزید الرجعی نے فتح حاصل کی۔سعودی عرب میں جاری ڈاکار ریلی کا دوسرا مرحلہ 48 گھنٹوں پر مشتمل تھا جس میں رائیڈرز اور ڈرائیورز کو مختلف مرحلوں میں ایک ہزار 58 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔اس اسٹیج میں بھی آسٹریلوی رائیڈر ڈینیئل سینڈرز نے دشوار گزار راستوں پر عمدگی سے موٹر سائیکل دوڑائی اور مقررہ فاصلہ 11 گھنٹے 12 منٹ اور 13 سیکنڈز میں طے کیا۔ دوسرے نمبر پر امریکا کے اسکائلر ہووز رہے جنہوں نے فاصلہ 11 گھنٹے، 19 منٹ اور 50 سیکنڈز میں طے کیا، توشا شارینا کا تیسرا نمبر رہا۔موٹر سائیکل کیٹیگری میں ڈینیئل سینڈرز کا مجموعی طور پر پہلا نمبر ہے، وہ دوسرے نمبر کے رائیڈرز سے 12 منٹ آگے ہیں، ریلی کی کار کیٹیگر ی میں دوسرا مرحلہ یزید الرجعی نے جیتا۔