سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن سے متعلق اہم بیان دے دیا۔
اسلام آباد میں عمر حمید کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اسپیشل سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد شریک ہوئے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے دوران اجلاس کہا کہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کامیابی سے کروائے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کی میعاد 14فروری2021ء کو ختم ہوئی، الیکشن کمیشن 5 مرتبہ حلقہ بندی کراچکا ہے اور 3 دفعہ الیکشن شیڈول بھی دے چکا ہے۔
عمر حمید نے مزید کہا کہ جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاری مکمل کرتا ہے لوکل گورنمنٹ قوانین میں ترمیم کردی جاتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگست 2024ء میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم منظور کی گئیں، الیکشن کمیشن نے ایکٹ میں چند غلطیوں کی نشاندہی کی اور ترمیم کے مطابق رولز اور فارم بنانے کا کہا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ وزارت داخلہ سے بھجوائے گئے مسودے پر فیڈ بیک اور منظوری بھی دے چکے، قانون سازی کا عمل تاحال مکمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا عمل مکمل کرچکا، وزرات داخلہ فوری قانون سازی کی تکمیل یقینی بنائے تاکہ اسلام آبادمیں الیکشن کا انعقاد ہوسکے۔
اس معاملے پر حکام وزارت داخلہ کا موقف ہے کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم 30 اپریل کو سی سی ایل سی میں پیش کیا گیا، قانون منظوری کے بعد اسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق چیف کمشنر نے یقین دہانی کرائی جیسے ہی قانون بنا تو وہ الیکشن کمیشن کے تعاون کےلیے تیار ہیں۔