• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے16مئی سے اگلے15روز کیلئے ہائی اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل بالترتیب 2اور4روپے 68پیسے فی لیٹر سستا کردیاہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 254.64اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی 150.65روپے فی لیٹر ہوگی۔مٹی کے تیل کے نرخ میں بھی پانچ روپے چار پیسے کمی کی گئی ہے،جس سے اس کی نئی قیمت 164.65روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔پیٹرول کی قیمت252.62روپے فی لیٹر ہی رہے گی۔مبصرین نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت پاکستان نے پچھلے دو ماہ میں تیسری مرتبہ اس کا فائدہ صارفین کو نہیں پہنچایا۔اس کی وجہ تیل کی صنعت کو درپیش 34ارب روپے کا خسارہ بتایا جاتاہے،جو گزشتہ مالی سال میں پیدا ہوگیا تھا۔حکومت اس وقت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 96روپے فی لیٹر چارجز وصول کررہی ہےاور یہ دونوں آئیٹمز سرکاری محصولات کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔پیٹرول زیادہ تر چھوٹی گاڑیوں، رکشوںاور دوپہیوں والی سواریوں یا مال بردار گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے۔اس کی قیمت برقرار رہنے سے متوسط اور کم آمدنی والے لوگ بدستور متاثر ہونگے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل ہیوی ٹرانسپورٹ ٹرینوں،ٹرکوں،بسوں ،ٹریکٹروں اور تھریشروں وغیرہ میں استعمال کیا جاتا ہے،جس کے نتیجے میں سبزیوں اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔پیٹرول اور ڈیزل کا ملک میں ماہانہ استعمال 7سے8لاکھ ٹن ،جبکہ مٹی کا تیل صرف دس ہزار ٹن ہے۔مہنگائی کے موجودہ پریشان کن دور میں حکومت کو توانائی کی قیمتوں میں بین الاقوامی کمی کے ثمرات عام صارفین تک پہنچانے چاہئیں تاکہ کم آمدنی والے افراد کی مشکلات آسان ہوں۔اس حوالے سے یہ خبر خوش آئند ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں 78پیسے سے2روپے25پیسےفی یونٹ کمی کی جارہی ہے۔اس سے پسماندہ طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔

تازہ ترین