چیف جسٹس آف پاکستان نے شاہزیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو اسپتال منتقل کرنے کا نوٹس لے لیا۔
جسٹس ثاقب نثار نے شاہ رخ جتوئی کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے آئی جی سندھ اور آئی جی جیل خانہ جات سے 24گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔
یکم فروری 2018ء کو سپریم کورٹ نے شاہزیب قتل کیس سے متعلق سول سوسائٹی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی ،سجاد تالپور اور سراج تالپور کی دوبارہ گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
گرفتاری کے بعد اگلے ہی روز شاہ رخ جتوئی کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں سے قتل کیس کے مرکزی ملزم کو دو روز بعد ہی کمر کی تکلیف کے باعث جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ برس دسمبر میں سیشن جج جنوبی کی عدالت نے شاہزیب قتل کیس میں نامزد شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کو ضمانت کر رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور شاہ رخ جتوئی کو جب رہا کیا گیا تو اس وقت بھی وہ جناح اسپتال میں زیر علاج تھے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی رکھے جانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عظمی کے حکم پر وزارت داخلہ نے شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے تھے۔