• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 06 نومبر ، 2018

بلوچستان میں انگور کی سپر فصل، کشمش کی بھی تیاری

بلوچستان میں انگور کی سپر فصل کی وجہ سے نہ صرف کاشتکارخوش ہیں بلکہ انگور سے بڑے پیمانے پر سردیوں کے خاص تحفے کشمش کی تیاری بھی جاری ہے۔

بلوچستان کے زرعی اضلاع پشین اور گلستان میں سرسبز اور ہرے بھرے انگور کے 5ہزار سے زائد باغات میں 15سے زائد اقسام کا لذیز اور خوش ذائقہ انگور پیدا ہوتا ہے۔

باغات میں ان دنوں انگورکی کٹائی عروج پر ہے، ہزاروں مزدور انگور کی کٹائی، صفائی اور پیکنگ میں مصروف نظر آتے ہیں اوریہ انگورملک کے دور دراز شہروں میں بھیجے جا رہے ہیں۔

انگور کی سپر فصل ہونے کے بعد شمالی بلوچستان کے مقامی زمینداروں نے دیسی طریقے سے انگور سے کشمش بھی حاصل کرنا شروع کر دی ہے جو سردیوں میں سوغات کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔

مقامی کاشت کاروں کے مطابق شمالی بلوچستان کے انگور ملک کے دیگر شہروں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی بھیجے جاتے ہیں۔