فلم، ٹی وی اور اسٹیج کی ممتاز اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں۔
روحی بانو کی بہن روبینہ یاسمین کا کہنا ہے کہ روحی بانو ترکی میں استنبول کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں اور گذشتہ 10 روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔
روحی بانو گردوں کے عارضے میں مبتلا تھیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے نفسیاتی مسائل کا بھی شکار تھیں۔
کرن کہانی، زرد گلاب ، دروازہ اور اشتباہ نظر روحی بانو کے بہترین ڈرامے تھے جن میں انہوں نے باکمال اداکاری کے جوہر دکھائے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فلم، ٹی وی اوراسٹیج کی معروف اداکارہ روحی بانوکے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ روحی بانو منجھی ہوئی اداکارہ تھیں۔
روحی بانوکے اکلوتے بیٹے کو لاہور میں ہی ان کی رہائش گاہ کے قریب قتل کردیا گیا تھا۔کئی سال گزرجانے کے باوجود اس حادثے کا دکھ نہ بھول سکیں اور اس دکھ کے سبب ہی وہ مسلسل بیمار رہنے لگی تھیں اور ان کی ذہنی حالت بھی خراب ہوگئی تھی.
ان کی بہن انہیں اپنے گھر فاؤنٹین ہاؤس لے گئیں جہاں ان کا علاج کیا جاتا تھا ۔گزشتہ دنوں ان کی پر اسرار گمشدگی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔
وہ گزشتہ 10 دنوں سے استنبول کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں اور طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
روحی بانو نےکرن کہانی، زرد گلاب،دروازہ ،اشتباہ نظر جیسے مشہور ڈراموں میں کام کیا۔