چھوٹی عید عیدی کے بغیر اور عیدی نئے کرارے نوٹوں کے بغیر ادھوری ہے، ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ عیدی لے یا دے تو نئے کڑک کرنسی نوٹوں کی صورت میں ہی یہ لین دین ہو۔
بچے نئے نوٹ لے کر پھولے نہیں سماتے تو بڑے بھی بچوں کو دینے کے لیے ہاتھ میں نئے نوٹوں کی گڈی لے کر الگ ہی مسرت محسوس کرتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالفطر کے لیے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کی بکنگ کی تاریخ کا ناصرف اعلان کر دیا ہے بلکہ اس کا طریقہ کار بھی بتا دیا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق رواں ماہ 20 تا 31 مئی 2019ء پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء کیا جائے گا جبکہ 19 مئی (کل) سے ایس ایم ایس کے ذریعے نئے کرنسی نوٹوں کی بکنگ کا آغاز کیا جائے گا۔
بذریعہ اشتہار اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کے لیے جو طریقہ کار وضع کیا ہے اس کے مطابق صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس 8877 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر، اسپیس اور منتخب برانچ کا آئی ڈی نمبر بھیجنا ہو گا۔
ای برانچز کے آئی ڈی نمبرز اسٹیٹ بینک اور نجی بینکوں کی ویب سائٹس پر دستیاب ہیں، نیز اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اس سروس کے لیے استعمال ہونے والے برانچ آئی ڈی اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں جو کمرشل بینکوں کے اپنے برانچ کوڈ سے مختلف ہیں۔
ایک موبائل فون نمبر سے صرف ایک ہی شناختی کارڈ کا نمبربھیجا جاسکتا ہے جب کہ ایک شناختی کارڈ پر صرف ایک ہی مرتبہ نوٹ جاری کیے جائیں گے اور ایک سے زیادہ ایس ایم ایس کرنے پر مزید ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیے جائیں گے اور بار بار ایس ایم ایس بھیجنے سے محض صارف کے وقت اور ایس ایم ایس چارجز کی صورت میں پیسے کا ضیاع ہی ہو گا۔
نئے نوٹ ملک بھر کے مختلف بینکوں کے 142 شہروں کی 1700 شاخوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن کے 16 دفاتر سے دستیاب ہوں گے، نئے نوٹوں کا فی کس کوٹہ 10 روپے کی 3 گڈیاں، 50 اور 100 روپے کی ایک ایک گڈی ہے۔
صارف کو موصول ہونے والے ٹرانزیکشن نمبر کو میسیج میں دی گئی تاریخ پر متعلقہ بینک برانچ میں اپنے اصل شناختی کارڈ بمعہ فوٹو کاپی پیش کرنا ہوگا۔
میسیج میں دی گئی تاریخ پر نوٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں ٹرانزیکشن نمبر ناقابل استعمال ہو گا نیز مختص شدہ کوٹہ ختم ہوجانے کی صورت میں مزید سسٹم بکنگ روک دی جائے گی۔
نئے نوٹوں کے حصول کے لیے منتخب بینک برانچ کی آئی ڈی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ویب سائٹ www.sbp.org.pk، پاکستان بینک ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ www.pakistanbanks.org اور متعلقہ بینکوں کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔
ملک بھر میں ای۔برانچز کی مکمل فہرست