پشاور ( کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت پشاور کے پولیس لائنز اور تھانوں میں یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں شہیدوں کی قبروں پر حاضری کیساتھ ساتھ ختم القرآن اور خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا، اسی سلسلہ میں صدر ڈویژن کے تھانہ انقلاب میں بھی ایک خصوصی تقریب کا اہتما م کیا گیا تھا جس میں ایس پی صدر صاحبزادہ سجاد سمیت، ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ، ایس ایچ او تھانہ انقلاب عمران خان اور ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر عبدالعلی سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی، خصوصی ترتیب دئیے گئے پروگرام میں صدر ڈویژن کے پولیس شہداء کے لواحقین کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جس میں پولیس شہداء کے بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کر کے اپنے والدین کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر ختم القرآن کے بعد شہیدوں کے بلند درجات اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اسی طرح تھانہ ریگی میں بھی تقریب منعقد کی گئی تھی تقریب کے دوران ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی محمود جان خان نے شہداء کے ورثا سے بات چیت کرتے ہوئے شہیدوں کو ملک و قوم کا اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،تقریب کے دوران شہداء کے بچوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر وہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، تقریب کے آخر میں شہدا کے بچوں میں خصوصی تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔