پشاور (خصوصی نامہ نگار)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عیدالاضحی کے تین دنوں میں پشاور کی 43 شہری یونین کونسلوں سے قربانی کے جانوروں کی 12 ہزار 774 ٹن آلائشیں اور باقیات اٹھائیںجو پچھلے سال عیدالاضحی کے مقابلے میں تین ہزار دو سو ٹن زیادہ ہیں، معمول کی صفائی اور فراہمی آب کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔ عید کے موقع پر شہر کو صاف رکھنے کے لئے ’’صاف پختونخوا، میرا خواب پختونخوا‘‘ مہم کے تحت خصوصی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی شاہ کے مطابق عید صفائی آپریشن میں 2538 اہلکاروں نے حصہ لیا، آلائشیں اور باقیات اٹھانے کے لئے 489 گاڑیاں استعمال کی گئیں، عوام نے عید پر شہر کو صاف رکھنے پر ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی کو سراہا ہے جو صاف پختونخوا میرا خواب پختونخوا مہم کی کامیابی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آلائشیں اور جانوروں کی باقیات اٹھانے کے لئے 20 رکشوں، 147 سوزوکیوں، 30 چھوٹے بڑے ٹریکٹروں، 42 کمپیٹکٹرز، پانچ شائولوں، تین ٹرکوں اور 25 آرمز رول گاڑیوں سمیت کرایہ کی 212 چھوٹی بڑی گاڑیاں بھی استعمال کی گئیں، اس بار شہر میں تاریخی صفائی کی گئی جو ڈبلیو ایس ایس پی عملے کی محنت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ فقیر آباد اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل زون اے سے 2545، گلبہار زوبی سے 5323 ٹن، نوتھیہ، دانش آباد پر مشتمل زون سی سے 3092 اور تہکال، راحت آباد پر مشتمل زون ڈی سے 1814 ٹن آلائشیں اور باقیات اٹھائی گئیں۔ جمعرات کو عارضی ٹرانسفر سٹیشنوں کی دھلائی کرتے ہوئے چونا ڈالا گیا اور چاروں زونز میں مانیٹرنگ کی گئی جہاں بھی گندگی نظر آئی اسے فوراً اٹھایا گیا۔