پشاور(نمائندہ جنگ) تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود کمبوہ اڈہ کے قریب جائیداد کے تنازع پر بیٹوں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے سوتیلی ماں کو ڈرائیور سمیت قتل کردیا فائرنگ کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار ایک شخص زخمی ہو گیا،سمیرا صفدر کا بیٹوں کیساتھ جائیدادکا تنازع تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دھاوا بول دیا۔ندیم صفدر ولد غلام صفدر ساکن حسن آباد پنڈی کینٹ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پہاڑی پورہ پولیس کو بتایا ان کی مرحوم بہنوئی حسین شنواری کے بیٹوں اور اُن کے خاندان کے ساتھ جائیداد اور قتل مقاتلے کی دشمنی ہے، جس میں انہوں نے اس پر اورہمشیرہ سمیرا صفدر بیوہ حسین شنواری پر پشاور کے ایک تھانہ میں 324 کی دعویداری کی تھی۔ ہفتہ کے روز وہ اپنی ہمشیرہ اور دیگر رشتہ دار وں طارق امین ولد محمد امین خان، کامران شہزاد بھٹی اور منظور حسین بھٹی کے ہمراہ پنڈی سے رینٹ کی گاڑی نمبر اے اے کے 722 میں ڈرائیور انعام ولد نصیب خان ساکن پنڈی محلہ چشتی آباد کے ساتھ پشاور آئے ، عدالت میں پیشی کے بعد وہ واپس راولپنڈی جارہے تھے جونہی کمبوہ اڈہ کے قریب پہنچے تو وہاں موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان اسد، فرحان، عمران، امجد پسران حسین شنواری مرحوم اور عامر ولد مقرب ساکنان ریگی للمہ نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ہمشیرہ، ڈرائیور اور رشتہ دار طارق زخمی ہوگئے جبکہ وہ بال بال بچ گئے جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئےپولیس کے مطابق مجروحین کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعد ازاں سمیرہ صفدر اور ڈرائیور انعام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جن کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔