پشاور ( نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی ممکن بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروسز ڈیلیوری سنٹر (ایس ڈی سی) کے دورہ کے موقع پر کیا۔ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی آسان بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے، تاکہ سروسز ڈیلیوری ان کے گھر کے دہلیز ہو۔سروسز ڈیلیوری سنٹر کے متعلقہ اہلکاروں کوہدایات جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ جلد از جلد ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے جو یہ نشاندہی کرے کہ پشاور میں کہاں پر اور کتنے سنٹرز کی قیام کی ضرورت ہے۔ تاکہ سروسز کی فراہمی کے بارے عمران خان کی خواب شرمندئہ تعبیر ہو،جبکہ متعلقہ رپورٹ آگے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ارسال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر پشاور سٹی ایریا میں دیکھا جائے کہ کہاں پر حکومت سروسز ڈیلیوری سنٹر قائم کر سکتی ہے۔، کیونکہ عوام اکثر متعلقہ سنٹر دور ہونے کی وجہ سے اس سہولت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے افسران بالا کو تلقین کی، کہ مرکز کے بارے اگر کسی بھی حوالے سے کوئی شکایت ہو تو اس کو فی الفور دور کیا جائے ۔ٓ