راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے منشیات کے سمگلر کو بارہ سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔ ملزم عالم زیب کو اے این ایف نے چھ اگست 2019کو ترکی ٹال پلازہ سے گرفتار کر کے اس کی گاڑی کے ڈیش بورڈ سے چار کلو 800گرام افیون اور چھ کلو چرس برآمد کی تھی، جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے ملزم کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ علاوہ ازیں عدالت نے نشہ آور گولیاں بیرون ملک لیجانے کی کوشش پر گرفتار دونوں خواتین کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ اے این ایف نے گزشتہ سال گیارہ دسمبر کو برطانیہ جانے والی شبانہ بی بی کے قبضے سے چوبیس ہزار اور شازیہ گل سے 19200کولونا زیپام کی گولیاں برآمد کر کے حراست میں لیا تھا۔گزشتہ روز عدالت نے دونوں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ ایک گولی میں منشیات کی مقدار صرف پانچ ملی گرام ہے جو مجموعی طور پر تقریباً چوالیس گرام بنتی ہے جو قابل ضمانت ہے۔