• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 17 نومبر ، 2018

تھری خاندان روٹی کی تلاش میں گھر چھوڑنے پر مجبور

تھر میں جاری خشک سالی نے ہزاروں خاندانوں کو دو وقت کی روٹی کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور کردیا ہے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

پانچ بچوں اور شوہر پر مشتمل پچیس سالہ پارتی بھیل کے گھرانے نے آخری مرتبہ گوشت یا گھی کا ذائقہ کب چکھا کچھ یاد نہیں۔ مرچ اور پیاز کاآمیزہ ہی انہیں بہت غنیمت لگتا ہے۔

پارتی بھیل کا کہنا ہے کہ بھوک مٹانے کے لئے مرچ کوٹ کر کھاتے ہیں، کبھی سبزی بھی مل جاتی ہے،گوشت تو نہیں بس مرچ اور پیاز ہی کھاتے ہیں۔

جس روٹی کی تلاش میں اس کُنبے نے تھر سے نقل مکانی کی وہ اب بھی اتنی آسانی سے دستیاب نہیں۔ مقامی زمیندار کے تعاون سے کچی جگہ تو مل گئ لیکن روز کا کھانا فراہم کرنا کبھی اسکے لئے بھی ممکن نہیں رہتا۔

سفر اور نقل مکانی کی صعوبتیں، اوپر سے کم اور غیر مناسب خوراک نے ایسے ہزاروں خاندانوں کو مختلف جسمانی اورذہنی مسائل میں بھی مبتلا کردیا ہے۔

بھوک کی اس صورتحال نے تھر کے جفاکش اور سخت جان لوگوں کو بھی نڈھال کرنا شروع کردیا ہے۔