والدین، بچوں کو نیٹ فلیکس کے اسکوئڈ گیمز سے دور رکھیں، برطانوی کونسل

October 18, 2021

برطانیہ کی ایک کونسل نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نیٹ فلیکس کے مقبول ترین شو اسکوئڈ گیمز سے دور رکھیں اور انتہائی پُرتشدد مواد کے باعث بچوں کو یہ شو دیکھنے کی اجازت نہ دیں۔

اس سے پہلے بھی برطانیہ میں کئی اسکول، والدین کو ایسی ہی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

سینٹرل بیڈفورڈ شائر کونسل کی تحفظِ تعلیم ٹیم نے علاقے کے تمام والدین اور کفیلوں کو ای میل میں ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں کیونکہ بچے اُن گیمز اور اُن سے منسلک پُرتشدد حرکات کی نقل حقیقی زندگی میں کر رہے ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق چھ سال تک کے بچے بھی اسکول کے پلے گراؤنڈ میں اسکوئڈ گیمز اور اُن کے سنگین نتائج کی نقل کر رہے ہیں۔

جنوبی کوریا کی اس سیریز کی کہانی ایک خیالی گیم شو پر مبنی ہے جس میں غربت کے مارے کرداروں کو لاکھوں پاؤنڈز کا کیش انعام جیتنے کے لیے ہلاکت خیز کھیلوں میں حصہ لینا ہوتا ہے۔