ہمارے ساتھ بیٹھنے میں کیا قباحت ہے؟ عرفان صدیقی کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت

April 26, 2024

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔

ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئیں پاکستان کےلیے ایک ساتھ بیٹھیں، ہم ایک بار پھر آپ کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ احتجاج کےلیے اُس اچکزئی سے بات کرسکتے ہیں، جس کے بارے میں بانی پی ٹی آئی کا ایک رویہ رہا ہے۔

ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ فضل الرحمان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں جن کا نام بھی آپ بھول گئے تھے تو ہمارے ساتھ بیٹھنے میں کیا قباحت ہے؟

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے ہیں، جن مشکلات کا سامنا ن لیگ کو اور اس کی قیادت کو کرنا پڑا ہے، وہ کسی اور کو بھی کرنا پڑے۔

عرفان صدیقی کی تقریر پر پی ٹی آئی کے سینیٹر ہمایوں مہمند نے جو اب دیا اور کہا کہ مذاکرات کےلیے سیاسی قیدیوں کو آزاد کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی ہیں مگر ان کا ذہن سیاسی قیدی نہیں ہے، اگر ان کا ذہن بھی سیاسی قیدی ہوتا تو اب تک ڈیل کر کے سعودی عرب یا لندن جا چکے ہوتے۔