فورڈ کمپنی ہالی ووڈ پلانٹ پر الیکٹرک کار کے پرزے تیار کرے گی

October 21, 2021

لندن (پی اے) فورڈ کمپنی ہالی ووڈ پلانٹ پر الیکٹرک کار کے پرزے تیار کرنے کیلئے مرسی سائیڈ پلانٹ پر سیکڑوں ملین پونڈ کی سرمایہ کرے گی، جس سے 500 افراد کی ملازمتوں کو تحفظ مل سکے گا۔ یہ فیکٹری فورڈ کی الیکٹرک کار کے پرزے تیار کرنے والا پہلا یورپی پلانٹ ہوگا۔فورڈ یورپ کے صدر سٹوارٹ رائولے کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری کا مطلب یہ ہوگا کہ پلانٹ مزید کئی سال تک چلتا رہے گا۔ فورڈ کی جانب سے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری شروع کئے جانے کے بعد ہالی ووڈ کے فیکٹری کمپلیکس کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں، پلانٹ پر 230 ملین پونڈ کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس کا ایک حصہ حکومت کے آٹوموٹو ٹرانسفارمیشن فنڈ سے حاصل ہوگا۔ برطانیہ میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے قائم کئے جانے والے اس فنڈ مالی مدد حاصل کرنے والوں میں فورڈ پہلی کمپنی نہیں ہے، جولائی میں نسان نے بھی حکومت کی مدد سے سندر لینڈ میں اپنے کار پلانٹ میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری میں توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا اور نسان کے پارٹنر Envision AESC الیکٹرک بیٹری پلانٹ قائم کرے گا۔ فورڈ نے بھی بھارت میں کاریں تیار کرنا بند کردی ہیں۔ جیگوار اور لینڈ روور فورڈ کے ہالی ووڈ پلانٹ پر الیکٹرک پاور یونٹس کی تیاری شروع کریں گے جو 2024 میں پٹرول گاڑیوں کے انجن تبدیل کرنے کیلئے استعمال ہوں گے۔ رائولے کا کہنا ہے کہ ان کے پلان کو ورک فورس کا بھاری اعتماد حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پلانٹ یورپ میں فورڈ کے الیکٹریفیکشن پلان کا بہت اہم حصہ ہے۔ وزیر تجارت Kwasi Kwarteng کا کہنا ہے کہ فورڈ کے فیصلے سے ایک دفعہ پھر ثابت ہوگیا ہے کہ برطانیہ دنیا میں اعلیٰ معیار کی گاڑیاں تیار کرنے کیلئے بہترین جگہ ہے۔ یونائیٹ یونین کے کیون پیرسن نے کہا ہے کہ فورڈ کی جانب سےسرمایہ کاری ہماری عالمی درجے کی ورک فورس کے تجربے، کام سے لگن اور دوسروں کے مقابلے میں کم خرچ ہونے کا اعتراف ہے جو کہ ہم سب کیلئے قابل فخر ہے۔ برمنگھم بزنس اسکول کے پروفیسر ڈیوڈ بیلے نے اسے حقیقی معنوں میں ایک اچھی اور بڑی خبر قرار دیا کیونکہ اس حوالے سے کافی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ فورڈ شاید پارٹس تیار کرنے اور پرزے جوڑ کر کاریں تیار کرنے بیرون ملک منتقل کردے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہالی ووڈ کا پلانٹ بند کردیا جاتا تو اس کے برطانیہ کی کار انڈسٹری اور مقامی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے۔ فورڈ کا کہنا ہے کہ اسے فی الوقت برطانیہ کے دوسرےکاروباری اداروں کی طرح سپلائی چین کی کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہیں ہے، فورڈ نے حال ہی میں جرمنی کے شہر کولون میں پرزے جوڑ کر گاڑیاں تیار کرنے والے پلانٹ پر 730 ملین پونڈکی سرمایہ کاری کرنے اور ترکی اور رومانیہ میں بھی بجلی سے چلنے والے گاڑیوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔