حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے،حاجی غلام علی

October 21, 2021

پشاور( جنگ نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما وسابقہ سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ان کی نااہلی کی وجہ سے ڈالر 102 سے 175روپے پر چلا گیا، چینی 52 سے 115روپے گھی120سے 380روپے پٹرول 80 روپے سے 138روپے ادویات اشیائے خوردونوش سمیت ہر چیز دو سو فیصد سے چارسو فیصد مہنگی کر دی گئی موجودہ مہنگائی گزشتہ 73 کی نسبت ڈبل سے زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کی سزا غریب عوام اور ریاست پاکستان کو دے رہی ہے، کنٹینر پر ایک روپے ڈالر، دو روپے پیٹرول مہنگا ہونے پر وزیراعظم کو چور کہتے تھے آج دو سے تین سو فیصد ہر چیز مہنگاکرنے والے کو کیا کہا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزررہاہے، مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے ، ناکام سلیکٹیڈ حکومت نے پاکستان کے غریب عوام کو زندہ درگورکرنے کا منصوبہ بنایاہے، آئے روزبجلی، گیس، پٹرول، ایل پی جی، ادویات، چینی، آٹا سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا 20 اکتوبر سے پی ڈی ایم کی ملک گیر احتجاج اور مظاہروں میں عوام نکل کر اس نااہل حکمرانوں کو رخصت کر کے مہنگائی اور بے روز گاری سے نجات حاصل کریں۔