ہنگو :فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ

October 22, 2021

یہ حقیقت پاکستان مختلف ڈوزیئرز کےذریعے پوری دنیا پر عیاں کر چکا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔ بھارت کی پشتیبانی امریکہ اور اسرائیل محض اس لئے کر رہے ہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے قیام سے چین اقتصادی طور پر پوری دنیا پر چھا جائے گا۔ افسوس ناک امر یہ بھی ہے کہ ہمارے چند گمراہ لوگ غیروں کا آلہ کار بن کر خود اپنوں سے برسر پیکار ہیں۔ بدھ کے روز ایک ایسا ہی واقعہ رونما ہوا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس سے ایک سپاہی وقاص جامِ شہادت نوش کر گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق دہشت گردوں نے رات گئے فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کا مؤثر جواب دیا گیا اور علاقے میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس کارروائی کی جارہی ہے۔ یہ بات بلاشبہ تشویشناک ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے ملک میں سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گرد حملوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور اس کے پیچھے کون ہے، یہ سب پر عیاں ہے۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی ابھی نہیں ہو پائی، مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے ما بعد اثرات ہیں، اگر ایسا بھی ہے تو اس کا فوری سدِباب لازم ہے۔ دہشت گردی کو جس قدر پاکستان نے بھگتا ہے اتنا کسی اور نے نہیں، جس میں پاکستان کے 80ہزار سے زائد افراد شہید، لاکھوں معذور اور وطن عزیز کو کم و بیش ڈھائی سو بلین ڈالر کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ یہ پاکستان کی مسلح افواج ہی تھیں جنہوں نے دہشت گردوں کی کمر توڑنے میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ یہی وجہ ہے کہ بچے کھچے دہشت گرد فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، حکومت کو بہتر حکمت عملی تیار کرکے ان کے مکمل خاتمے کے لئے کارروائیاں کرنا ہوں گی تاکہ دہشت گردی کا دائرہ کار پھیلنے سے قبل ہی اس کا خاتمہ کر دیا جائے۔