’ہار گئے غم نہیں، جس طرح ہارے دل ٹوٹ گیا‘ بھارتی شائقین صدمے میں

October 25, 2021

کراچی (رفیق مانگٹ) ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر نئی تاریخ رقم کی، اس کامیابی پر پاکستانی شائقین کی خوشی دیدنی دوسری طرف بھارتی شائقین صدمے اور سوگ کی کیفیت میں ہیں سوشل میڈیا پر اپنے غصے کامختلف انداز میں اظہار کررہے ہیں.

کوئی ٹی وی سیٹ توڑ رہا ہے تو کوئی غمگین فلمی گیت پر اپنے غم کا اظہار کررہا ہے کوئی رو کر اپنی ہی ٹیم کو کوس رہا ہے توکوئی اس شکست کے پیچھے آئی ایل پی کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے.

سوشل میڈیا ایسے آہ و زاری سے بھرا پڑا ہے۔ کوئی بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور کوئی مودی کی میمز بنا کرمذاق اڑا رہا ہے۔

پاکستانی شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے شکست دے کر بھارت کے زیر اثر دنیا کرکٹ کی اس سازش کو ملیامیٹ کردیا جس کے ذریعے پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی گئی۔

چار نسلوں سے ہم ورلڈ کپ میں بھارت سے نہیں جیت سکے مگر اب جیسے جیتے انڈیا کی بھی چار نسلیں یاد رکھیں گی۔ پاکستان کی بھارت کیخلاف تاریخی جیت پر دنیا بھرمیں کشمیری خوشی سے سر شار ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کے خلاف جیت پر جشن کاسماں ہے۔

بھارت کے آج تک ٹی وی کے مینجنگ ایڈیٹر وکرانت گپتا کا کہناتھا کہ پاکستان کی جانب سے شاندار کرکٹ،پہلی سے آخری گیند تک جارحانہ کھیل پیش کیا۔

آسٹریلیاکے سابق کرکٹ کپتان شین وارن کا کہنا تھا کہ میری رائے میں بھارت کے خلاف زبردست جیت کے بعد پاکستان فیورٹ ہے.

سپر آل راوٗنڈ اور متاثر کن کارکردگی، بابر اعظم ہر طرح سے دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر اپنی ساکھ بناتے رہیں گے۔

امریکی تھنک ٹینک ولسن سینٹر کے مائیکل کگلمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شاندار کارکردگی پاکستانی کرکٹ،اور خود پاکستان کے لئے کامیابی ہے .

بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان کا کہنا ہے کرکٹ اور انسانیت کی رو ح،یاد رکھیں کہ لوگ آپ کوبے وقوف نہ بنائیں، ٹوئیٹر صارف اویرل سنگھ کا کہنا تھا کہ اوپر والا انصاف کرتا ہے بھارت کو ورلڈ کپ میں شکست دے کر پاکستان کرکٹ میں اپنی عزت واپس حاصل کررہا ہے۔

ایک بھارتی شائقین کا ردعمل کچھ یوں ہے، ”ہار گئے غم نہیں،پر جس طرح ہارے دل ٹوٹ گیا“۔