ہم سب کو حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہونا چاہیے اور وہ ایک پیج آئین ہے، کائرہ

October 28, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمرالزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ہم سب کو حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہوناچاہیے اور وہ ایک پیج آئین ہے، آج جو ملک کی حالت ہے اس میں حکومت کی نالائقیاں شامل ہیں، مسلح ہوکر احتجاج کا حق بھی کسی کو نہیں، ان کے ساتھ معاہدے کیوں کئے؟

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہم کمپرومائز کرتے کرتے پھنس جاتے ہیں، عالمی طاقتیں مذہب کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہیں، افغانستان میں جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ جو صورت حال ہے اس کے ذمہ دار ہم سب ہیں، حکومت کا قصور یہ ہے کہ اس نے مسئلے کو صحیح طرح سے ڈیل نہیں کیا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتیں کمزور ہیں، بلوچستان میں سیاست کی لڑائی نہیں، مفادات کے گرد سیاست ہورہی ہے، مختلف ادوار میں ہم مختلف پیج پر ہوتے ہوئے، ایک پیج پر بتاتے رہے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم بنائی وہ فوت ہوگئی، اس کی کوئی باڈی نہیں بنی تھی، پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے کے لئے بنائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر بھونڈے الزامات لگائے گئے، ہم پر بی این پی سے تین ووٹ لینے کا الزم لگایا گیا، ہم سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے اہل تھے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سب اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں تو حکومت کا خاتمہ ممکن ہے۔