گورنر پنجاب چوہدری سرور نجی دورے پر گلاسگو پہنچ گئے

November 26, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نجی دورے پر سکاٹ لینڈ پہنچ گئے۔ گلاسگو ائرپورٹ پر قونصل جنرل آف پاکستان سید زاہد رضا اور پارٹی رہنمائوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا اور کاروںکے ایک جلوس کی شکل میںلے کر گلاسگو میں ان کے دفتر تک آئے، جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے کی خوشی میںڈنڈی کے ممتاز سماجی و سیاسی رہنما چوہدری مجاہد اسلام کی طرف سے لایا گیا کیک کاٹا گیا۔ چوہدری محمد سرور نے میڈیا کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مہنگائی اور دوسرے کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں حالات خراب ہوئے ہیں، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو مہنگائی میںہر ممکن ریلیف دی جائے اور اس سلسلہ میں شاپنگ کے لئے ڈسکائونٹ کارڈز بنائے جا رہے ہیں۔ دھرنوںکی سیاست کے بارے میں انہوںنےکہا کہ اپوزیشن دھرنے دیتی ہی رہتی ہیں اور یہ ان کا جمہوری حق ہے، جب تک دھرنے پرامن رہیںگے حکومت کوئی رکاوٹ نہیں بنے گی۔ چوہدری محمد سرور نے مزید بتایا کہ جس طریقہ سے پاکستان میںاقلیتوں کو اسمبلیوں میںنمائندگی حاصل ہے ہماری کوشش ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی اسی طور پر اسمبلیوں میںنمائندگی دی جائے۔