مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کیلئے بند باندھنا ہونگے، ثروت اعجاز قادری

November 30, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خاتمے اور حقوق کیلئے عوام کو سڑکوں پر آنا، مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کیلئے بند باندھنا ہونگے،آئی ایم ایف کے اشاروں پر منی بجٹ ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے،مہنگائی اور غربت کے سبب خود کشیوں میں اضافہ ہوا حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی،حکومت غربت کو ختم کرنے کی بجائے غریب کو ختم کرو کی پالیسی پر گامزن ہے،متواتر مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیاں اور نااہلی ہے،حکمران غریب کے بچوں کو نوکریا ں نہیں دے سکے، غریبوں کو گھر دینے کے وعدے پورے اور مہنگائی کے جن کو قابو میں کرسکے نہ ہی بیروزگاری کو روک سکے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے کراچی پہنچنے پر علماء کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ غریب کو مہنگائی کرکے ذہنی طور پر مفلوج کردیا ہے،ملک سے کرپشن ختم ہوئی اور نہ ہی کرپٹ قوتوں سے قومی دولت واپس لی گئی،انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر کسی طور بھی خاموش نہیں رہینگے۔