پاکستان مہنگائی کا مقابلہ بہتر طریقے سے کررہا ہے، حسان خاور

December 03, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان مہنگائی کا مقابلہ بہتر طریقے سے کررہا ہے، شہروں میں مہنگائی ہے البتہ دیہاتوں میں حالات بہتر ہیں

الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہمارے جیتنے کیلئے نہیں الیکشن شفاف بنانے کیلئے ہے، ٹیکنالوجی دستیاب ہے اب الیکٹرانک ووٹنگ مشکل نہیں ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طارق فضل چوہدری اور پیپلز پارٹی کے رہنما آغا رفیع اللہ بھی شریک تھے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن پی ٹی آئی جیتی نہیں بلکہ یہ الیکشن ن لیگ کو ہروایا گیا

حکومت کو جو بیساکھیاں دی گئی تھیں انہیں دیمک لگ چکی ہے،انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی مہارت ہے انہیں اپنا کام کرنے دیں، پی ٹی آئی کیلئے کسی صورت اگلا الیکشن آزادانہ اور منصفانہ ہونا قبول نہیں ہے۔

آغا رفیع اللہ نے کہا کہ انتخابات کروانے کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ای وی ایم کو رد کرچکا ہے، حکومت کی خام خیالی ہے کہ ای وی ایم پر الیکشن جیت سکتی ہے۔