غلام رسول منصور کی تصانیف مسلمانوں کیلئے روشن مینار ہیں، علما و مشائخ

December 04, 2021

برمنگھم (ابرار مغل) برطانیہ کے معروف مذہبی محقق، اسکالر، مصنف اور دینی شخصیت مرحوم علامہ مفتی عبدالرسول منصور الازہری کی خدمات اور مذہبی کردار کو سراہنے کے لیے مرکزی جامع مسجد نورریڈچ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ بھر سے علمائے دین، مشائخین، پیران عظام، اسکالرز، مذہبی و روحانی پیشوائوں اور ان کے شاگردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دربار عالیہ علی پور سیداں کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے خطاب میں مرحوم مفتی عبدالرسول منصور کے دینی کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالرسول اولین دور میں برطانیہ آئے اور انہوں نے دین اسلام کی اشاعت کے ساتھ ساتھ ائمہ اکرام کی تربیت و رہنمائی کے لیے عملی کام کیے۔ فقہی اور دینی مسائل پر بے شمار کتب تصنیف کیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ایسے دینی کام کیے جو تادیر برطانوی مسلمانوں کے لیے روشن مینار رہیں گے۔ آستانہ عالیہ نیریاں شریف کے صاحبزادہ پیر محمد ظہرالدین صدیقی نے مرحوم کی روحانی، مذہبی خدمات و کردار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی عظیم شخصیات عرصہ بعد پیدا ہوتی ہیں، ان کی وفات سے پیدا خلا تا دیر پُرنہیں کیا جاسکتا ، علامہ امین نقشبندی، علامہ قاری یاسر ایوب، علامہ قاری خرم وارثی، صاحبزادہ محمد حماد منصور، صاحبزادہ غلام منصور نے اپنے خطابات میں مرحوم کے کردار و خدمات کو سراہا اور کہا کہ مفتی عبدالرسول منصور نے برطانیہ میں دین اسلام کی اشاعت و ترویج کے لیے کئی دہائیاں وقف کیں، مسلمانوں کے شرعی اور فقہی مسائل کے حل کے لیے شریعت کی بے شمار کتابیں تحریر کرکے ایسا کردار ادا کیا جو روشن و جاوید رہے گا۔دیگر مقررین نے کہا کہ مرحوم مفتی عبدالرسول منصور کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لیے علما دین کو اپنا کردار ادا اور ان کے صاحبزادگان کے ساتھ مل کر دین اسلام کی اشاعت و ترویج کے مشن کو جاری رکھناہو گا۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی گئی۔