ڈھاکا ٹیسٹ بارش سے متاثر، ڈرا ہونے پر پاکستان 12 پوائنٹ گنوادیگا

December 07, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل نہ ہوسکا، بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند پھینکی جاسکی۔ اتوار کو شروع ہونے والی بارش پیر کو بھی جاری رہی اور امپائروں ، میچ ریفری اور ٹیموں کو ہوٹل میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔ بدھ کو میچ کے چوتھے دن بھی مزید بارش کا امکان ہے اس لئے ٹیسٹ کے فیصلہ کن ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ ٹیسٹ ڈرا ہونے کی صورت میں پاکستان کوورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بارہ پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔ سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ ڈھاکا ٹیسٹ مسلسل بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل 6اعشاریہ 2اوورز کے بعد ہی ختم کردیا گیا تھا جبکہ پہلے دن کا کھیل کم روشنی کے باعث وقت سے قبل ختم کردیا گیا تھا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 188رنز بنالیے ہیں، کپتان بابر اعظم71اور اظہر علی 52رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ٹاس جیت کرپہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے تھے۔ پاکستان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنرز عبدﷲ شفیق اور عابد علی تھے، پاکستان کی پہلی وکٹ 59رنز پر گری تھی جب عبدﷲ شفیق 25 رنز کی آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عابد علی تھے، وہ 39رنز بناسکے۔ پاکستان کے دونوں اوپنرز کو بنگلادیش کے تیج الاسلام نے آؤٹ کیا۔