عائشہ اکرم سے دست درازی، ریمبو کی درخواستِ ضمانت دائر

December 09, 2021

گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اکرم سے دست درازی کے کیس میں مرکزی ملزم عامر عرف ریمبو نے ضمانت کے لیے لاہور کی سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ریمبو کی درخواست پر سماعت کی۔

لاہور کی سیشن عدالت نے پولیس سے آئندہ سماعت پر کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

مرکزی ملزم عامر عرف ریمبو نے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مجھے مقدمے میں غلط نامزد کیا گیا ہے، متاثرہ خاتون نے غلط بیان دیا۔

لاہور کی سیشن کورٹ نے درخواست کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ روں برس 14 اگست کو مینارِ پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے درندگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

واقعے میں اس وقت ٹوئسٹ آیا، جب متاثرہ خاتون عائشہ اکرم نے اپنے دوست عامر عرف ریمبو کو سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا۔

گرفتاری کے بعد ملزم ریمبو نے الزام عائد کیا تھا کہ عائشہ اکرم مقدمے کے ملزمان سے 5، 5 لاکھ روپے لینا چاہتی تھی، میں نے اسے کہا کہ رقم کے پیچھے نہ بھاگو۔

ریمبو کا کہنا ہے کہ سمجھانے پر عائشہ اکرم نے غلیظ زبان استعمال کی، اس نے دھمکی دی کہ اس کے مطابق بیان نہ دیا تو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

ملزم ریمبو نے عائشہ اکرام کے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہی جانتا ہوں کہ کس طرح عائشہ کو ہجوم سے زندہ لے کر گھر آیا تھا۔