اے زمینِ وطن ہم گنہگار ہیں

December 13, 2021

…امجد اسلام امجد …

ہم نے نظموں میں تیرے چمکتے ہوئے بام و در کے بیتاب قصے لکھےپھول چہروں پہ شبنم سی غزلیں کہیں،

خواب آنکھوں کے خوشبو قصیدے لکھےتیرے کھیتوں کی فصلوں کو سونا گنا، تیری گلیوں میں دل کے جریدے لکھے

جن کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھا نہیں، ہم نے تیری جبیں پر وہ لمحے لکھے

جو تصور کے لشکر میں لڑتے رہے، ہم وہ سالار ہیں ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن ۔۔۔ ہم گنہگار ہیں

ہم تیرے دکھ سمندر سے غافل رہے تیرے چہرے کی رونق دھواں ہو گئی اور ہم رہینِ غمِ دل رہے

ظلم کے روبرو لب کشائی نہ کی، اس طرح ظالموں میں بھی شامل رہےحشرآور دنوں میں جو سوئے رہے، ہم وہ بیدار ہیں ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن ۔۔۔ ہم گنہگار ہیں

جاگتی آنکھ سے خواب دیکھے، ان کو اپنی مرضی کی تعبیر دیتے رہےہم تیرے بارآور موسموں کے لئے بادِصرصر میں تاثیر دیتے رہےہم اندھیرے مناظر کو روشن دنوں کی امیدوں سے تنویر دیتے رہےتیرے ساحل کی آزادیوں کے لئے ہم تلاطم کو زنجیر دیتے رہےجو ہمیشہ تجھے آرزو کے جھروکے سے تکتے رہے، ہم وہ فنکار ہیں ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن ۔۔۔ ہم گنہگار ہیں

جب تیرے زرد پڑتے ہوئے موسموں کو مہکتی شفق کی ضرورت پڑی ہم نے اپنا لہو آزمایا نہیں تیری خوشبو سکُوں کی تمنا لئے آندھیوں کے جلو میں بھٹکتی رہی ہم نے روکا نہیں تیری مٹی نگاہوں میں بادل لئے خشک موسم کی راہوں میں بیٹھی رہی ہم نے دل کو سمندر بنایا نہیں تیری عزت زمانے کے بازار میں دل جلاتی بولیوں میں بکی ہم نے کانوں میں سیسہ اتارا نہیں ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن ۔۔۔ ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن!تجھ کو تو علم ہے، لوگ کیوں درِ راہِ ملامت ہوئےجن محافظ دشمنوں کے علم تیرے روشن لہو کی شہادت ہوئےہم بھی ان کی سیاست کے نخچیر ہیں،آستینوں کے جو سانپ ثابت ہوئےہم بھی تیری طرح سازشوں کی ہوا کے گرفتار ہیں ہم گنہگار ہیں

اے زمینِ وطن ۔۔۔ ہم گنہگار ہیں

ہم گنہگار ہیں اے زمینِ وطن! پر قسم ہے ہمیں اپنے اجداد کی سرحدوں سے بلاتے ہوئے خون کی، اپنی بہنوں کی حرمت کی، اولاد کی ہاں قسم ہے ہمیں آنے والے دنوں کی اور آنکھوں میں ٹھہری ہوئی یاد کی

اب محافظ نما دشمنوں کے علم ان کے کالے لہو سے بھگوئیں گے ہم تیرے دامن کے رسوائیوں کے داغ اپنے آنسوؤں سے دھوئیں گے ہم آخری مرتبہ اے متاعِ نظر! آج اپنے گناہوں پہ روئیں گے ہم

تیری آنکھوں میں اے نگارِ وطن! شرمساری کے آنسو نہیں آئیں گےہم کو تیری قسم اے بہارِوطن اب اندھیرے سفر کو نہ دہرائیں گے

گر کسی نے تیرے ساتھ دھوکا کیا ،وہ کوئی بھی ہواس کے رستے کی دیوار بن جائیں گےجان دے کر تیرا نام کر جائیں گے

اے زمینِ وطن ۔۔۔ اے زمینِ وطن

اے زمینِ وطن۔۔۔ ہم گنہگار ہیں