سقوط ڈھاکا کے وقت ہم نے آپریشنل غلطیاں کیں، فواد چوہدری

December 14, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکا کے وقت ہم نے آپریشنل غلطیاں کیں۔

ایک تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کے بعد انفارمیشن کے شعبے کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد اخلاقیات کے معیارات تبدیل ہوئے، ہمیں اپنا بیانیہ مضبوط کرنے کے لیے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ امریکا نے افغانستان پر چند گھنٹوں میں قبضہ کرلیا تھا، امریکی ایئرفورس افغانستان آئی تو طالبان کے لوگ بھاگ گئے، امریکا افغانستان میں کوئی متبادل نظام نہیں دے سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ سقوط ڈھاکا کے وقت ہم نے آپریشنل غلطیاں کیں، ہم نے تمام فارن کارسپانڈنٹس کو ڈھاکا سے نکال دیا تھا، اس وقت ہم لوگوں کو وہاں رکھتے جو ہماری کہانی بتاتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مینار پاکستان واقعے پرصرف ایک بھارتی ویب سائٹ نے 600 ویڈیوز بنائیں، نور مقدم کیس میں بھارت کے ویب چینل نے ایک دن میں 155 شارٹ کلپس چلائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا بیانیہ مضبوط کرنے کے لیے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔