پہلے دن کہہ دیا تھا چوں چوں کا مربہ چلے گا نہیں، آصف زرداری

December 20, 2021


سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک چلانے اور سنبھالنے کے لیے ایک سوچ ہوتی ہے، فارمولا بنا بناکر ملک کا بیڑا غرق کررہے ہیں۔

نوابشاہ میں ظہرانے سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پہلے دن اسمبلی میں کہا تھا آپ نے چوں چوں کا مربہ بنا تو لیا ہے، لیکن یہ چلے گا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے دن ہی کہا تھا کہ نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، دراصل فارمولا بنا بناکر ملک کا بیڑا غرق کر رہے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ جتنے ہم پر قرض تھے اس حکومت میں ڈبل ہوگئے ہیں، نیا پاکستان تو دور کی بات، انہوں نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کردیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، ملک چلانے اور سنبھالنے کے لیے ایک سوچ ہوتی ہے۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ جب بھی ملک پر مشکلات آئیں پیپلز پارٹی نے ملک کا ساتھ دیا، پاکستان کے مسائل سے ہم واقف ہیں، ہمارے مسئلے ہم ہی حل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید پر کیس بنایا گیا کہ تم نے نوکریاں دیں تو محترمہ شہید نے کہا میں روزگار دیتی رہوں گی، آپ کیس بناتے رہیں۔