سندھ حکومت نے حماد اظہر کا بیان رد کر دیا

December 25, 2021


سندھ حکومت نے گیس کے قدرتی ذخائر میں ہر سال کمی کا حماد اظہر کا بیان رد کر دیا۔

وزیرِ ماحولیات سندھ اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کمی وسائل میں نہیں، عمران حکومت کی اہلیت میں ہے، سندھ بلوچستان میں گیس کے قدرتی ذخائر میں کوئی کمی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ اور بلوچستان میں گیس کے قدرتی ذخائر میں کمی کا جھوٹ بول رہا ہے، گیس کے قدرتی ذخائر میں جو کمی آپ کی حکومت میں ہو رہی ہے وہ پہلے کیوں نہیں تھی؟

اسماعیل راہو نے گیس کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو بغیر لوڈشیڈنگ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سندھ کے عوام اوپلوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر حماد اظہر نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا تھا کہ کراچی میں گیس کے بحران کا احساس ہے۔

حماد اظہر نے بحران کی ذمے داری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس کا ذمے دار سندھ ہائی کورٹ کے حکمِ امتناع کو ٹھہرایا تھا۔