صدر ایردوان کا اقتصادی کرشمہ

December 28, 2021

ترکی میں گزشتہ چند ماہ سے جاری اقتصادی بحران کی وجہ سے ترک اپوزیشن صدر ایردوان سے قبل از وقت انتخابات کروانے اور فوری طور پر ’’اکنامک ایمرجنسی ‘‘ نافذ کرنے کا مطالبہ کررہی تھی اور اس اقتصادی بحران کی وجہ سے صدر ایردوان کی مقبولیت میں بڑی تیزی سے کمی بھی دیکھی گئی لیکن جیسا کہ میں اپنے کالموں میں کئی بار تحریر کرچکا ہوں کہ صدر ایردوان دنیا کے ان گنے چنے سیاستدانوں میں سے ایک ہیں جو ہمیشہ اپنی قوتِ بازو پر بھروسہ کرتے ہوئے کامیابی کی راہ ہموار کرتے رہے ہیں۔ اگرچہ کورونا وبا کی وجہ سے ترکی کی اقتصادیات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے لیکن ترکی وہ واحد ملک ہے جس نےان منفی حالات سے استفادہ کیا اور تاریخ میں پہلی بار 46 ممالک کو ایک ایک بلین ڈالر سے بھی زائد کی برآمدات کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

ترکی کی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر غیر ملکی کرنسی کی برآمدات کے توسط سے حاصل ہونے والی آمد نی کے باوجود آخر کیا وجہ تھی کہ ترکی میں ایک سال کے اندر اندر ڈالر کی قدرو قیمت ترک لیرے کے مقابلے میں سو فیصد تک بڑھتی چلی گئی۔

ترک لیرے کی قدرو قیمت میں دراصل گراوٹ کا سلسلہ امریکی صدر کی جانب سے ترکی اقتصادیات کو نقصان پہنچانے کی دھمکی اور ترک اپوزیشن سے قریبی تعلقات قائم کرنے کے بعد سے شروع ہوا جس کا اپوزیشن نے بھر پور فائدہ اٹھایا اور صدر ایردوان کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کا آغاز کردیاجس سے ترک لیرے کی قدرو قیمت میں مسلسل کمی ہونے لگی اور لوگوں نے دھڑا دھر ڈالر او ر یورو خریدنا شروع کردیے۔ ترکی میں تمام باشندوں کو غیر ملکی کرنسی میں اکائونٹ کھولنے کا حق حاصل ہے۔ تمام باشندے منی چینجرز کوترک لیرا دے کرغیر ملکی کرنسی خریدسکتے ہیں یا پھر براہ راست انٹرنیٹ کے ذریعے خود ہی غیر ملکی کرنسی خرید کر بینکوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ترکی کے سینٹرل بینک نے گزشتہ کئی ماہ سے ڈالر کی قدرو قیمت کو کنٹرول رکھنے کے لیے ڈالر اور یورو کو مارکیٹ میں فروخت کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا تھا حالانکہ ترکی کے خزانے میں 126 بلین ڈالر سے زائد کے ذخائرموجود تھے جس سے ترکی کی اقتصادی صورتِ حال کے مستحکم ہونے کی بھی عکاسی ہوتی ہے لیکن ڈالر کی مانگ میں ہونے والے اضافے کو روکنے کے لیےسینٹرل بینک نےصرف ماہ دسمبر میں لگ بھگ 6 بلین ڈالرز کو مارکیٹ میںفروخت کیا تاکہ ڈالر اور یورو کی مانگ کو لگام دی جاسکے لیکن بدقسمتی سے یہ تدبیر بھی ترک لیرے کی قدرو قیمت کو مستحکم نہ کرسکی۔

صدر ایردوان اور ان کی کابینہ نے آخر کار اس آگ پر قابو پانے کے لیے ایک بالکل نیا اور انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ اگرچہ اس سے قبل ترکی میں اس سے ملتے جلتے طریقہ کار استعمال کیے جاتے رہے ہیں لیکن صدر ایردوان کی جانب سے استعمال کیا جانے والا یہ طریقہ کار بالکل مختلف ہے۔ اس نئے طریقہ کار کے مطابق صدر اردوان نے ترک بینکوں میں تین، چھ، نو اور بارہ ماہ کے لیےترک لیرا میں فکس ڈیپازٹ رکھنے والوں کو ڈالر یا یورو کے مقابلے میں ترک لیرا کی قدرو قیمت میں کمی واقع ہونے کی صورت میں پہنچنے والے نقصان کو حکومت کی جانب سے متعلقہ شخص کو ادا کرنے اورساتھ ہی معینہ مدت کے سود کی ادائیگی کو بھی ادا کرنے کی ضمانت فراہم کی۔

جس کے مارکیٹ پرفوری مثبت اثرات مرتب ہوئے اور صدر ایردوان کی تقریر ختم ہونے پر مارکیٹ بند ہونے کے باوجودٹرکش لیرے کی قدرو قیمت میں پانچ فیصد کا اضافہ ہوگیاپھر دیکھتے ہی دیکھتے ٹرکش لیرا جو ایک ڈالر کے مقابلے میں18٫25 تک گرچکا تھا سنبھلنا شروع ہوگیا اور اسی شام11٫75 تک واپس آگیا۔ اس دوران حزبِ اختلاف کی جماعت ’’گڈ پارٹی‘‘ کے ایک رہنمادُرمُش یلماز‘ جو سینٹرل بینک کے گورنر بھی رہ چکے ہیں‘ نے عوام کو اس صورتِ حال سے استفادہ کرتے ہوئے فوری طور پر ڈالر خریدنے کی تلقین کی تاکہ ترک لیرا واپس اٹھارہ یا بیس لیرے تک آنے کی صورت میں عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔

صدر ایردوان کا یہ ایک ایسا کارنامہ تھا جس پر تمام ماہرین ہکا بکا رہ گئے بلکہ اس خبر کو پیش کرنے والے اینکر پرسنزکے چہرے کے تاثرات اس تبدیلی کے ناقابلِ یقین ہونے کی چغلی کھا رہے تھے۔ صدر ایردوان کے اس نئے ماڈل کےترکی کی سیاست پر بھی نمایاں اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں اور عوام کا صدر ایردوان کےاس طریقہ کار کو استعمال کرنے اور اس پر حکومت کی مکمل گرفت ہونے پر یقینا ًاعتمادقائم ہوچکاہے۔اس طرح ترکی میں غیر ملکی کرنسی خاص طور پر ڈالر اور یوروحاصل کرنے کی جو دوڑ لگی ہوئی تھی اس کا رخ اب ترک لیرا حاصل کرنے کی جانب ہو چکا ہے۔ سب سے بڑھ کر ملک میں غیر یقینی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور مطلع صاف ہوچکا ہے۔

سیاسی فضا جو کچھ عرصے قبل تک صدر ایردوان کےمخالفین کے حق میں ہوگئی تھی۔ ایک بار پھر صدر ایردوان کے حق میں ہوگئی ہے۔ صدر ایردوان نے ترک لیرے کی مضبوطی کے لیے مزید نئے طریقہ کار متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کئی ایک ممالک نے جہاں پر ہمیشہ ہی سے غیر ملکی کرنسی کی قدرو قیمت کا مسئلہ موجود ہوتا ہے،حکومتِ ترکی سے رجوع کرنا شروع کردیا تاکہ اس مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔

صدر ایردوان کے اس نئے طریقہ کار کومتعارف کروانے کے بعد ترک وزیر خزانہ نور الدین نباتی نے کہا ہےترکی کا یہ نیا ماڈل نہ تو چین اور نہ ہی کوریا کا ماڈل ہے بلکہ یہ ترکی کا اپنا وضع کردہ ماڈل ہے جس میں ملکی پیداوار، برآمدات اور روزگار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو ختم کرتے ہوئے فاضل آمدنی کا طریقہ کار رائج کیا جائے گا کیونکہ ترکی اپنے بنیادی ڈھانچے کو مکمل کرچکا ہے اور اسے چین یا کوریا کی طرح طو یل عرصہ معیار زندگی بہتر بنانے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ ترکی اس وقت دنیا کے تجارتی مرکز کا روپ اختیار کرچکا ہے اور 2053میں یہ دنیا کے پہلے دس ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)