پنجاب: نیو ائیر نائٹ سیکیورٹی، پٹاخے بیچنے والوں کیخلاف ایکشن

December 29, 2021

—فائل فوٹو

نیو ایئر نائٹ کی آمد کے حوالے سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ پولیس نے صوبے بھر میں اس موقع کے لیے آتش بازی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایکشن بھی لے لیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق رواں سال آتش بازی کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف 1 ہزار 555 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آتش بازی کی خرید و فرخت کرنے والے 1 ہزار 690 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں آتش بازی کاسامان برآمد کیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر آتش بازی سے گریز کریں۔

ادھر ڈی آئی جی آپریشنز عابد خان نے نیو ایئر نائٹ پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ قانون شکنی اور ہلڑ بازی کرنے والے نیو ایئر نائٹ حوالات میں گزاریں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ون وہیلنگ، ہوائی فائرنگ کی وائرل ویڈیوز تصاویر کی مانیٹرنگ کی جائیں گی۔

عابد خان نے مزید بتایا کہ ون وہیلنگ کے انسداد کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں پر ناکے لگائے جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بغیر سائلنسر کی گاڑی و موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔