خیرات نہیں اس شہر کا حق چاہیے، جو لےکر رہیں گے، حافظ نعیم الرحمان

January 01, 2022

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک کو 67 فیصد اور سندھ کو 98 فیصد ریونیو فراہم کرنے والا کراچی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ اس شہر کا حق چاہیے، جو لے کر رہیں گے۔

بلدیاتی نظام کے خلاف سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔

دھرنے میں نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدور اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی دھرنے میں شرکت کررہے ہیں۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں حافظ نعیم نے وفاقی اور سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ نئے سال کا آغاز پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کیا گیا، سندھ کو 98 فیصد ریونیو دینے والا کراچی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاج اور تعلیم کے لئے بھی پرائیویٹ سیکٹر سے رجوع کرنے پر مجبور ہیں، ہمیں خیرات نہیں اس شہر کا حق چاہیے، جو لے کر رہیں گے۔

حافظ نعیم نے پیر سے دھرنے میں خواتین کی شرکت کا اعلان بھی کیا۔