سندھ بار کونسل، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا کل عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

May 08, 2024

سندھ بار کونسل اور اسلام آباد ہائیکورٹبار ایسوسی ایشن نے بھی کل عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

سندھ بار کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ لاہور میں وکلاء پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔

سندھ بار کونسل نے مطالبہ کیا کہ حکومت وکلاء پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

اعلامیے میں کل عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ وکلاء پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی لاہور واقعے کی مذمت کی اور کل 9 مئی کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کا وکلاء پر بہیمانہ تشدد دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔

صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ریاست علی آزاد نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تمام فیصلوں کی تائید کرتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ بار وکلاء برداری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔