کورونا نے کراچی کو جکڑلیا، مثبت کیسز کی شرح 39 تک جا پہنچی

January 19, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) کورونا نے کراچی کو جکڑ لیا، مثبت کیسز کی شرح39 تک جا پہنچی،سندھ میں مزید 6مریض دم توڑ گئے ،3283نئے کیسز رپورٹ،2829شہر قائد میں سامنے آئے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں مثبت کورونا کیسز کی شرح کے حوالے سے تفصیلات جاری کردی گئیں، میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بلند ترین یومیہ شرح کراچی میں ریکارڈ کی گئی۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 38.79 ہوگئی، حیدرآبادمیں کورونا کیسز کی شرح 13.98 رہی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں کورونا کی شرح 8.86 اور راولپنڈی میں 7.60 ریکارڈ کی گئی۔