ماں بننے کے بعد کھیل میں واپسی آسان نہیں ہوتی، بسمہ معروف

January 26, 2022

بسمہ معروف جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ایک بار پھر نہ صرف میری قومی ٹیم میں واپسی ہوئی بلکہ میں ایک بار پھر کپتانی کر رہی ہوں اس لیے میں بہت پرجوش ہوں اور خوش اس لیے ہوں کہ ماں بننے کے بعد میری واپسی ہوئی ہے۔

بسمہ معروف زچگی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے مطابق چھٹیوں پر رہیں، ان کی غیر موجودگی میں جویریہ خان نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی قیادت کی ۔

بسمہ معروف ماں بننے کے بعد ایک بار ایکشن میں آئیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے لگائے جانے والے کیمپ میں اپنی فٹنس اور مہارت ثابت کی اور انہیں ٹیم میں شامل کرتے ہو ئے کپتان بھی بنا دیا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا کہ ماں بننے کے بعد کھیل کو مناسب نہیں سمجھا جاتا، لیکن میں نے کھیل میں واپسی کی ہے اور اب میں لڑکیوں کے لیے انسپائریشن بنوں گی ۔

بسمہ معروف نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا میں لڑکیوں کا ماں بننے کے بعد کم بیک مشکل ہوجاتا ہے ، اس میں کئی ایک عوامل ہیں ، ایک فٹنس کو برقرار نہ رکھنا ہے اور دوسرا فیملی کی طرف سے سپورٹ نہ ہونا اور پھر جس فیلڈ میں آپ ہوں وہاں کوئی پیرنٹل پالیسی نہ ہونا ہے ، لیکن مجھے تینوں چیزیں ملی ہیں اس لیے اب میں رول ماڈل بن کر لڑکیوں کو پیغام دوں گی کہ ماں بننے کے بعد بھی کھیلنا ممکن ہے۔

بسمہ معروف نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی نہ بنائی ہوتی تو ماں بننے کے بعد میری واپسی مشکل تھی، میرے لیے فیصلہ کرنا بھی بہت مشکل تھا کہ میں کم بیک کر پاؤں گی یا نہیں ، لیکن ماؤں کے حوالے سے پی سی بی کی پالیسی سے مجھے فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی ، مجھے سپورٹ کیا گیا اور اب پالیسی کے مطابق میں بیٹی کی وجہ سے اپنی والدہ کو ساتھ لے کر جاؤں گی، تاکہ وہ اسے سنبھال سکیں اور میں کھیل پر فوکس کر سکوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں مانتی ہوں شادی اور پھر ماں بننے کے بعد صورتحال مشکل ہوجاتی ہے ،لیکن میں لڑکیوں سے یہی کہوں گی اگر آپ کھیل جاری رکھنا چاہیں تو رکھ سکتی ہیں ، فیملی اور شوہرکا سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے ، اگر آپ کو سپورٹ نہ ملے تو واپسی ناممکن ہوتی ہے۔