پاکستانی فٹبالرز کی مدد اور رہنمائی کیلئے لیجنڈ مائیکل اوون میدان میں

February 01, 2022

پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے آخر کار وفاقی حکومت بھی میدان میں آگئی ہے اور ملکی فٹ بالرز کو پیشہ ور بنانے کیلئے کامیاب جوان کے نام سے ایک پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجس کے تحت فروری کے پہلے ہفتے میں کراچی میں فٹبال کے ٹرائلز لئے جائیں گے۔ یورپ سے آئے انٹرنیشنل کوچز بھی پاکستان کے فٹبالرز کے ساتھ کام کریں گے۔ حکومت، گلوبل ساکر وینچرز نے مل کر پاکستانی فٹ بالر کی تقدیر بدلنے اور انہیں انٹرنیشنل لیگز میں موقع فراہم کرنےاور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئےماسٹر پلان پر عمل درآمد اور حکمت عملی کے تحت کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منصوبے کےمطابق بنیادی سطح پر فٹبال کے لیے مستحکم منصوبہ تیار کیا جائے گا جس کے تحت ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی فٹبال کے معاہدوں کے ذریعے طرز زندگی بدل دینے والا کیرئیر پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ جی ایس وی کراچی میں، این ای ڈی یونیورسٹی کے مقام پر فلیگ شپ پروجیکٹ کے طور پر جدید ترین ساکر سٹی تعمیر کرے گا جس میں عالمی معیار کی اسپورٹس سائنس کو ترقی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ ایک زبردست فٹبال فرینچائز بھی تیار کی جائے گی جو پاکستانی فٹ بالرز کے خوابوں کی تعبیر ہو گی اور پاکستانی فٹ بال کو عالمی دنیا میں روشناس بنانے کا سبب بنےگی، عالمی شہرت یافتہ برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون کو قومی ٹیلنٹ ہنٹ مہم کا بنیادی حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان آمد پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈارنے انہیں خوش آمدید کہا جس کے بعد مائیکل اوون نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

بلاشبہ یہ مائیکل اوون کیلئے بڑ ا اعزاز ہوگا کہ انہیں پاکستان کی ٹاپ شخصیات سے ملنے کا شرف حاصل ہوا۔ تین روزہ دورے کے دوران مائیکل اوون نے کراچی میں مصروف ترین دن گزارا۔ انہوں نےاین ای ڈی یونیورسٹی میں پہلےساکر سٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس کے بعد اگلے دن وہ لیاری میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کے مہمان بنے۔ لیاری پا کستان میں فٹ بال کی سب سے بڑی نرسری ہے۔

کمشنر کراچی نے مائیکل اوون کو بتایا کہ لیاری کے نوجوانوں کو فٹبال سیکھانے کیلئے کےلئے عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ انٹرنیشنل کوچ کا تعاون حاصل کیا ہے اس سلسلے میں سونڈن ٹاون فٹبال کلب کے وائس چیئرمین زیویر آسٹن کے اشتراک سے تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ کمشنر کراچی اقبال میمن نے مائیکل اوون کو کراچی کے شہریوں کی جانب سے یادی گاری شیلڈ بھی دی۔

برطانوی اسٹار نے پاکستان آمد کو اپنے کیریئر کاشاندار موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، یہاں فٹ بال کے بہت باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں میں یہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے دوران کےان کے کھیل کا معیار دیکھوں گا، پاکستانی نوجوانوں سے کہوں گا کہ وہ پیشہ ور فٹبالر بنیں۔

مائیکل اوون نے کہا کہ ہاکی ،کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹبال کے دیوانے بھی پاکستان میں موجود ہیں، مجھےخوشی ہے کہ میں پاکستان فٹبال کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کا حصہ ہوں، فٹبال کے شعبے میں پاکستان کےمستقبل کے اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ سے نکل کر سامنے آئیں گے۔

یورپ سے آئے انٹرنیشنل کوچز بھی پاکستان کے فٹبالرز کے ساتھ کام کریں گے، پاکستان میں نوجوان فٹبالرز کو مواقع فراہم کرنے کے بعد ہمیں کئی عالمی معیار کے کھلاڑی ملیں گے۔ واضح رہے کہ سینٹ پیٹرکس ایتھلیٹک سے تعلق رکھنے والے اور یوئیفاسے پرولائسنس یافتہ کوچز نے کامیاب جوان فٹبال ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کیلئے ٹرائلز کا سلسلہ فروری کے پہلے ہفتے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عرصے میں 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں ڈبلن، آئرلینڈ میں واقع اکیڈمی میں ٹریننگ کے لئے بھیجا جائے گاجہاں ممکنہ طور پر سینٹ پیٹرکس ایتھلیٹک کی پہلی ٹیم کے ساتھ کھیلنے اور تربیت کا موقع ملے گا۔