کراچی میں ترقی کا سہرا گورنر سندھ کے سر جاتا ہے، عثمان ڈار

February 09, 2022

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کراچی میں ترقی کا سہرا گورنر سندھ عمران اسماعیل کے سر جاتا ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب میں عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 5 ارب روپے سندھ میں تقسیم کیے گئے، 3 ارب روپے صرف کراچی میں قرضوں کی صورت میں تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کراچی کے لیے 1 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا، عمران خان نے ہی کےفور اور گرین لائن منصوبہ شہر قائد کو دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ میں گورنر سندھ کا مشکور ہوں کہ وہ صوبے میں حکمران جماعت کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ورکرز کو کہنا چاہتا ہوں کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں۔