عمرے کی ویڈیوز پر تنقید، کنول آفتاب چُپ نہ رہ سکیں

February 18, 2022

مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی معروف جوڑی کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر نے عمرے کی ویڈیوز شیئر کرنے پر خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔

انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ مجھے بہت سے میسجز موصول ہورہے ہیں، اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی ویڈیوز کی وجہ سے ہم بھی ان پاکیزہ نظاروں سےلطف اندوز ہورہے ہیں۔

کنول آفتاب نے کہا کہ جو لوگ ان ویڈیوز کو ’دکھاوا‘ کہہ رہے ہیں تو میں یہ بات واضح کردوں کہ یہ دکھاوا نہیں بلکہ حقیقت ہے۔

خیال رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی کنول آفتاب ناصرف ایک ٹک ٹاک اسٹار ہیں بلکہ وہ گزشتہ کچھ سالوں سے ایک نجی ویب چینل پر میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہی ہیں۔

دوسری جانب ذوالقرنین سکندر نے 2018 میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر تھوڑے ہی عرصے میں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت مقبول ہو گئے۔