پاکستان بلائیڈ ٹیم کی جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش

March 11, 2022

اس وقت ملک میں کرکٹ کابخاراپنے عروج پر ہے پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد اور 24سال کے طویل عرصے بعد آسڑیلیا کی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد نے شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے سیکیورٹی خدشات کی بناء پر گذشتہ سال نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے جب اپنا دورہ پاکستان منسوخ کیا تو آسٹریلیا کی آمد پربھی سوالیہ نشان لگا مگر پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں کے باعث آج کینگروز پاکستان میں کرکٹ کھیل رہے ہیں، اسی دوران جنوبی افریقا کی بلائنڈ کر کٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے۔

پروٹیزکی ٹیم میں بی ون کیٹیگری کے 5،بی ٹوکے 6 اور بی تھری کیٹیگری کے 4 کھلاڑی شامل ہیں، کراچی کے مقامی ہوٹل میں ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی، سیریز کے میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان بلائنڈ ٹیم نے جنوبی افریقا کو ون ڈے سیریزکے تینوں میچوں میں شکست دیکر وائٹ واش کر دیا پہلے میچ میں پاکستان نے 249 رنز سے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے پروٹیز کیخلاف 247 رنزسے فتح اپنے نام کی جبکہ سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں گرین شرٹس نے 6 وکٹوں کی فتح سے وائٹ واش کردیا۔

سیریز کی تقسیم انعامات کی تقریب میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈکے جنرل منیجر کارپوریٹ سروسز بریگیڈیئر (ر) محمود الحسن، صدر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ سید سلطان شاہ، جنرل منیجر پی سی ہوٹل کراچی حسن خورشید، عمران احمد شیخ،آصف عظیم، ماجد خان، کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی، فروٹ نیشن کے فیصل خان اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سندھ رینجرز طارق محمود نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے پاکستان کے مطیع اللہ فائنل میچ کے مین آف دی میچ،بی ون کیٹیگری میں مین آف دی سیریز: ریاست خان، بی ٹو کیٹیگری میں مین آف دی سیریز احتشام الحق جبکہ بی تھری کیٹیگری میں مین آف دی سیریز فیصل محمود قرار پائے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے راقم الحروف کو مہمان ٹیم کارابطہ آفیسر مقرر کیا تھا ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے لاہور روانگی سے قبل دورہ کراچی کو یادگار قرار دیتے ہوئے ٹیم کے کپتان آئزک بڈلہ نے دوبارہ اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی آنے کی خواہش کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی دورہ پاکستان کا مقصد باہمی تعلقات کو فروغ دینا بھی ہے ہمارے کھلاڑی یہاں سے بہت کچھ سیکھ کرواپس وطن جائیں گے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کیجانب سے کراچی میں سیریز خصوصا سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہماری ٹیم کراچی کی میزبانی اور یہاں کے کھانوں خاص کر بریانی سے بہت لطف اندوز ہوئے کھلاڑیوں نے کافی شاپنگ بھی کی ہے اور اب تھوڑی بہت اردو بھی سیکھ گئے ہیں ہمارے کھلاڑی پاکستانی موسیقی پر رقص کرکے بھی بہت لطف اندوز ہوئے ہیں۔

آئزک بڈلہ کا مزید کہنا تھا کہ ون ڈے میچز کی مناسبت سے بہترین پچز تیارکی گئیں یہاں کھیل کرہمارے کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہے یہ تجربہ آنے والے انٹرنیشنل ایونٹس خاص کر ورلڈ کپ میں ہمارے لئے بہت معاون ثابت ہوگاساؤتھ افریقہ کے مینجر شین مہابیر نے چیئرپین پی بی سی سی سید سلطان شاہ، آرگنائزنگ کمیٹی اور والینٹئرز کاشکریہ ادا کیا۔