نور عالم خان کا گالیوں، الزامات پر عدالت جانے کا اعلان

March 21, 2022

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے گالیوں اور الزامات پر عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘میں گفتگو کے دوران نور عالم خان نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں ہم کوئی دشمنی نہیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمیں گالیاں دی جارہی ہیں، الزام لگائے جارہے ہیں، اس پر عدالت جاؤں گا۔

پی ٹی آئی ایم این اے نے مزید کہا کہ انسان کو انسان کی طرح دیکھتے تو آج یہ حالات نہ ہوتے، پارلیمنٹ میں جائیں گے تو وہاں فیصلہ کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر آپ کسی کو گالیاں دیں گے تو وہ کبھی بھی آپ کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑے گا۔

اسی پروگرام میں شریک حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صورتحال کو صحیح طریقے سے سمجھ نہیں رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بات سیاست یا حکومت کی نہیں بات عزت کی ہے۔ ارکان قومی اسمبلی کی بات یہ سنتے نہیں ہیں اور جب ووٹ چاہیے ہوتا ہے تو انہیں یاد آجاتی ہے۔