رضا ربانی کی صدارتی ریفرنس میں فریق بننے کی درخواست

March 24, 2022

فائل فوٹو

سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے دائر صدارتی ریفرنس میں سینیٹر رضا ربانی نے فریق بننے کی درخواست دے دی۔

رضا ربانی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ صدارتی آرڈیننس پر معاون بنایا جائے۔

پی پی سینیٹر رضا ربانی کا درخواست میں کہناہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس پر عدالت کی معاونت کرنا چاہتا ہوں۔

رضا ربانی کا درخواست میں موقف ہے کہ میں 18ویں ترمیم کمیٹی کا سربراہ رہا ہوں،آئین سازوں کی آرٹیکل 63 اے کو آئین میں شامل کرنے کی منشا کا گواہ ہوں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق مختلف آئینی و قانونی معاملات کے حوالے سے دائر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست اور وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کیے گئے صدارتی ریفرنس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان ،جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن ،جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل ،جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔