کراچی، نجی اسپتال میں مریض ہلاک، لواحقین کا لاش کے ہمراہ احتجاج

March 29, 2022

فائل فوٹو

کراچی میں نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر نجی اسپتال میں مریض کی ہلاکت کے خلاف اہلخانہ نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، پولیس کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔

نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر قائم نجی اسپتال میں مریض علی محمد کی ہلاکت کے خلاف اہلخانہ نے فائیور اسٹار چورنگی پر لاش رکھ کر احتجاج کیا، اہلخانہ نے الزام لگایا کہ نجی اسپتال کی غفلت کے باعث مریض کا انتقال ہوا، اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

مظاہرین سے مذاکرات کے لئے ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد شکیل احمد پہنچے اور لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ جاں بحق ہونے والے علی محمد کا پوسٹ مارٹم پولیس کی نگرانی میں کرایا جائے گا، پوسٹ مارٹم کے فوری بعد مقدمہ درج کیا جائے گا اور پورے معاملے سے سندھ ہیلتھ کمیشن کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر کے سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا، احتجاج کے دوران پولیس نے میڈیا کو کوریج سے روکنے کی کوشش کی اورتشدد کرنے کی کوشش بھی کی۔

دوسری جانب نجی اسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ مریض کا انتقال ان کےاسپتال میں نہیں بلکہ عباسی شہید اسپتال میں ہوا، مریض کو معدے کی تکلیف میں اسپتال لایا گیا اور حالت خراب ہونے پر آئی سی یو منتقل کیا گیاجہاں مریض کا آپریشن کیا جانا تھا لیکن لواحقین نے مریض کو زبردستی عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا تھا۔