وزیراعظم کی نواز شریف سے معاشی صورتحال پر ایک اور ملاقات، شہباز شریف کے قیام میں ایک دن کی توسیع

May 14, 2022

لندن، کراچی (نیوز ایجنسیاں ، ما نیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی قائد نواز شریف کی ایک اور اہم ملاقات ہوئی، ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بحالی کے اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف سے تیسری ملاقات کے لئے حسن نواز کے دفتر میں پہنچے۔ن لیگ کا وفد پارٹی کے قائد نواز شریف سے ملاقات میں ملکی معاملات پر مزید مشاورت کرے گا۔ پارلیمانی وفد کی گزشتہ روز بھی نواز شریف سے ملاقات تقریباً 3 گھنٹے جاری رہی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دورے میں ایک دن کی توسیع مزید مشاورت کیلئے کی گئی، اگر شہباز شریف کل عدالت نہ پہنچ سکے تو ایک دن کی غیر حاضری کی درخواست دے دیں گے، ڈالر کی بڑھتی قیمت گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کا نتیجہ ہے، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔