آج دستر خوان سجائیں گوشت کے لذیز و منفرد ذائقوں سے

May 22, 2022

گوشت متوازن غذا کا ایک اہم حصّہ ہے کہ اس کے استعمال سے ہمیں پروٹین سمیت متعدّد منرلز حاصل ہوتے ہیں۔ ہمارے یہاں گوشت کو سالن کے طور پر بھی پکایا جاتا ہے اور مختلف سبزیوں کے ساتھ بھی۔ بہرحال، دونوں کی افادیت اپنی اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ تو لیجیے، آج آپ کےدستر خوان کے لیے گوشت ہی کی چند لذیذ تراکیب حاضر ہیں۔

……کاجو گوشت……

اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، کاجُو (بغیر نمک کے) آدھا کپ، دہی (پھینٹ لیں) ایک کپ، پیاز (باریک کاٹ لیں) دو عدد، لیموں دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ، زعفران حسبِ ضرورت، خشخاش دو چائے کے چمچ، ثابت دھنیا دو چائے کے چمچ، بڑی الائچی دو عدد، لہسن چھے جوے، ادرک (باریک کُتر لیں) ایک چھوٹا ٹکڑا، سبز مرچیں(باریک کاٹ لیں) چھے عدد، لونگ چار عدد، ہرا دھنیا (کتر لیں) ایک گڈّی، پانی اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے ہاون دستے میں مرچیں، لہسن، ادرک، کاجُو اور تھوڑا سا پانی ڈال کر خُوب اچھی طرح کوٹ کے کسی برتن میں رکھ لیں۔ اب لونگ، بڑی الائچی، خشخاش اور ثابت دھنیا بھی مِکس کرکے باریک پیس کے ایک الگ پیالی میں رکھ لیں۔ اس کے بعد دہی میں نمک اورزعفران اچھی طرح مِکس کرکے رکھ دیں۔اب ایک پتیلی میں تیل کڑکڑا کر پیاز سُنہری کرلیں۔ پھر اس میں دونوں مسالے (سبزمرچ اور خشخاش )ڈال کر بھون لیں۔

اس کے بعد اس میں گوشت ڈالیں اور اچھی طرح بھون کے دہی والا آمیزہ شامل کرکے ہلکی آنچ پر گوشت گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گوشت گل جائے اور تیل نظر آنے لگے، تو ہرا دھنیا اور ایک چمچ لیموں کا رَس چِھڑک کر چولھا بند کردیں۔ آخر میں سرونگ باؤل میں نکال کر ہرا دھنیا چِھڑک کر لیموں کے پیسز سجا دیں۔

……منگولین گوشت……

اجزاء: گائے کا گوشت (بون لیس، باریک پٹیاں کاٹ لیں) آدھاکلو، لہسن ، ادرک کا پیسٹ تین کھانے کے چمچ، ہری پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک کپ، سادہ پیاز (باریک کاٹ لیں) دو عدد، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کارن فلور چار کھانے کے چمچ، پانی حسبِ ضرورت،چینی دو چائے کے چمچ، سویا ساس دو کھانے کےچمچ، تِل ایک کھانے کا چمچ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پہلے گوشت کی پٹیوں پر نمک اور کالی مرچ پاؤڈر چِھڑک کر کارن فلور کی کوٹنگ کردیں۔ پھر ایک الگ پیالی میں آدھا کپ پانی، سویا ساس اور چینی شامل کرکے اچھی طرح مِکس کرلیں۔ اس کے بعد کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت بمع مسالا ڈالیں اور فرائی کرکے الگ رکھ دیں۔ پھر اسی کڑاہی میں پیاز، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔

اس کے بعدگوشت ڈال کر بھونیں اور حسبِ ضرورت پانی شامل کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گوشت گل جائے، تو ہری پیاز شامل کرکے تھوڑا سا بھون کر چولھا بند کردیں۔ آخر میں تِل چِھڑک دیں۔ چاولوں کے ساتھ منگولین گوشت کا لُطف اُٹھائیں۔

……گاجر، مٹر گوشت……

اجزاء: گوشت(دھو کر چھلنی میں رکھ دیں) ایک کلو ،گاجریں (چھیل کر چوکورچھوٹے پیسز میں کاٹ لیں) آدھا کلو،سبز مرچیں(لمبائی میں کاٹ لیں) چار عدد، لہسن(باریک کتر لیں) آٹھ جوے، پیاز (باریک کاٹ لیں) دو عدد، ٹماٹر (اُبال کر گُودا بنا لیں) آدھا کلو ، نمک حسبِ عادت، گرم مسالا حسبِ ذائقہ، کالی مرچ پائوڈر حسبِ منشاء، کارن فلور ایک چائے کا چمچ،مٹر آدھا کپ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، پانی حسبِ منشاء، ہرا دھنیا(کتر لیں) ایک گڈی اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے لہسن،کالی مرچ پاؤڈر اور گرم مسالا ڈال کربھون لیں۔ اب اس میں گوشت شامل کرچار سے پانچ منٹ تک بھونیں، پھر پانی ڈال کر اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے اور یخنی بھی تیار ہوجائے۔ اس کے بعد ایک الگ پتیلی میں پیاز بھون کرسویا ساس، سبز مرچیں ،ٹماٹروں کا گُودا، گاجر اور مٹر شامل کر کے ہلکی آنچ پر سات سے آٹھ منٹ تک پکنے دیں۔ کچھ دیر بعد گوشت بمع یخنی اور کارن فلور ڈال کر دس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب تیل نظر آنے لگے تو ہرا دھنیا چِھڑک کر چولھا بند کردیں۔

……سرکہ گوشت……

اجزاء: گائے کا گوشت (بون لیس) ایک کلو، سرکہ تین چائے کے چمچ ،بیسن آدھا کپ، چینی ایک چائے کا چمچ، پانی ایک کپ، اجوائن ایک چٹکی، لونگ (پسی ہوئی) ایک چٹکی، پیاز (کاٹ لیں) دو عدد، جائفل پاؤڈر ایک چٹکی، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے بیسن میں لونگ، جائفل پاؤڈر اور پانی ڈال کر آمیزہ بنا لیں۔ پھر ایک باؤل میں گوشت اور بیسن والا آمیزہ ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے 30منٹ کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں،تیل گرم کرکے اس میں گوشت ڈال دیں اور بادامی رنگت ہونے تک مسلسل چمچ چلاتی رہیں، تاکہ جلنے نہ پائے۔پھر ایک الگ پیالے میں بوٹیاں نکال کر رکھ دیں۔

اب اس پتیلی میں پیاز ڈال کر سُنہری کرلیں اور گوشت شامل کرکے ذرا سا بھون لیں۔ بعد ازاں، اس میں پانی، سرکہ، چینی اور دیگر مسالے شامل کر کے ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر گوشت گلنے دیں۔ جب گوشت گل جائے اور شوربا گاڑھا ہو جائے، تو کسی گہری ڈش میں نکال کر اوپر سے اجوائن پاؤڈر چِھڑک دیں۔