گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، صدر مملکت عارف علوی

May 21, 2022


صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہشہباز شریف آرٹیکل 48 (1) کے مطابق نئے گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں، آرٹیکل101(2) کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا۔

صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے خط کا جواب دے دیا۔

صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔

خط کے جواب میں عارف علوی کا کہنا ہے کہ گورنر کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں ارکان پنجاب اسمبلی کی وفاداریاں بدلی گئیں، پنجاب میں غیر قانونی طریقے سے اکثریت حاصل کر کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا ہے کہ غیر قانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے، صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے گورنر کے اصولی مؤقف کی توثیق ہوئی۔

صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 25 اراکین پنجاب اسمبلی کے انحراف کی تصدیق کی ہے،الیکشن کمیشن کے20 مئی کے فیصلے سے بھی گورنر پنجاب کا مؤقف مستحکم ہوا ہے۔